بنگلورو 3؍ جولائی ( ایس او نیوز ) ریاستی وزیر برائے پرائمری وسکینڈری تعلیم تنویر سیٹھ نے کل جین ہیریٹچ اسکول میں اپنے بچوں کو آر ٹی ای کوٹے کے تحت داخلہ دلانے کے لئے بے چین والدین کو تیقن دیا کہ ان کے بچوں کے ساتھ انصاف ہوگا۔ ہفتے کے دن بچوں کے والدین نے پیرنٹس اسوسی ایشن کی معرفت سے وزیر موصوف سے شکایت کی کہ اسکول کے ذمہ داران آر ٹی ای کے تحت سیٹ ملنے باوجود 35,000 روپئے اداکرنے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ وزیر موصوف نے سنجیدگی کے ساتھ انہں سننے کے بعد تیقن دیا کہ اگلے تین دنوں میں اسکول مینجمنٹ سے بات کر کے ضروری کارروائی کریں گے۔ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری بی این یوگا انندا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اسکول والوں کی جانب سے ہورہی دھاندلیوں کو سن کر وزیر موصوف نے بھی تعجب کا اظہارکیا ۔ مسٹر یوگا نندا نے وارننگ دی ہے کہ اگر دو تین دنوں کے اندر وزیر موصوف کوئی کارروائی نہٰں کریں گے تو اسکول کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔ ہفتے کے دن مقامی اخبار میں ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی کہ جین ہیرٹیچ اسکول جو ہبال میں موجود ہے ، میں جن بچوں کو آر ٹی ای کو ٹے کے تحت داخلہ دلانا ہے انہٰں 35,000روپئے ادا کرنا پڑیگا۔ اب دیکھنا ہے کہ وزیر موصوف اگلا اقدام اسکول مینجمنٹ کے خلاف کیا اٹھاتے ہیں۔